ہاشمی کا امت اسلامیہ کے اتحاد میں اہم کردار

ہاشمی کا امت اسلامیہ کے اتحاد میں اہم کردار

آیت اللہ رفسنجانی کی رحلت پر عالمی شخصیتوں کے تعزیتی پیغامات

آیت اللہ رفسنجانی کی رحلت پر عالمی شخصیتوں کے تعزیتی پیغامات

شام کے صدر بشار اسد نے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ اور صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کو الگ الگ تعزیتی پیغامات ارسال کر کے آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی رحلت جانگداز پر تعزیت پیش کی ہے۔

شام کے صدر نے رہبر انقلاب اسلامی کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا: آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے اسلامی انقلاب کو کامیاب بنانے کےلئے شاہی حکومت کی خفیہ پولیس ساواک کی جیلوں میں برسہا برس ایذائیں برداشت کیں اور انہیں جیلوں میں سخت ترین شکنجے دیئے گئے لیکن ان کے پائے ثبات میں لرزش پیدا نہیں ہوئی۔

شام کے صدر بشار اسد نے اپنے تعزیتی پیغام میں مزید کہا: آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے ایران کے اسلامی انقلاب کو کامیاب بنانے اور ایران کے اسلامی نظام کے مفادات اور مصلحتوں کے دفاع  کےلئے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا۔

صدر بشار اسد نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے نام بھی اپنے تعزیتی پیغام میں لکھتا ہے: آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کو ایرانی عوام کی سربلندی اور آزادی کےلئے کوشش کرنے والے ایک مجاہد کے طور پر یاد کیا جاتا رہا ہے۔ ...

لبنان کے صدر میشل عون نے بھی ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی رحلت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے لبنان کے اتحاد اور سالمیت کے تحفظ پر ہمیشہ زور دیا۔...

جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے بھی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے نام الگ الگ تعزیتی پیغامات ارسال کر کے آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی رحلت پر تعزیت پیش کی۔

جمہوریہ آذربائیجان کے صدر نے اپنے پیغامات میں آیت اللہ رفسنجانی کو ایک تجربے کار اور دور اندیش سیاسی رہنما قرار دیا۔...

آرمینیا کے صدر سرژ سرکیسیان نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کو ارسال کردہ اپنے تعزیتی پیغام میں کہا: آرمینیا کے عوام کے ذہنوں اور دلوں میں آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی یاد ہمیشہ باقی رہےگی۔...

الجزائر کے صدر عبد العزیز بوتفلیقہ نے بھی آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر ایرانی عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: ہاشمی رفسنجانی نے امت اسلامیہ کے اتحاد اور یکجہتی کو مستحکم بنانے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔...

افریقی ملک آئیوری کوسٹ کے صدر الحسن واتارا نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں ایران کے عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کی۔...

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے بھی اپنی حکومت اور جنوبی افریقہ کے عوام کی جانب سے ایران کی حکومت اور عوام کو تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں ایران کے اسلامی نظام اور عوام کےلئے آیت اللہ ہاشمی رفسجانی کی طویل خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: وہ افریقی ملکوں خاص طور پر جنوبی افریقہ کے ساتھ ایران کے سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی توسیع کے بانی تھے۔

انہوں نے مزید کہا: جنوبی افریقہ کے عوام اس سانحے پر ایران کے عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔...

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر رہبر انقلاب اسلامی اور مراجع کرام کو تعزیت پیش کی۔

انہوں نے کہا: امام خمینی(رح) کے دیرینہ ناصر و یاور آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی رحلت سے انھیں شدید صدمہ پہنچا ہے۔...

ہندوستان کے علمائے کرام نے منگل کو اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کو تعزیت پیش کی۔

مجلس علمائے ہند کے سربراہ مولانا کلب جواد نقوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا: آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے اپنی پوری بابرکت عمر طاغوت کے خلاف جدوجہد اور اسلامی انقلاب کے ثمرات کے تحفظ میں گذاری اور بلاشبہہ وہ اسلامی انقلاب کا گرانقدر ذخیرہ تھے، جنھوں نے امام خمینی(رح) اور رہبر انقلاب اسلامی کی حمایت اور ان کے فرامین کی پیروی سے ایک لمحے کےلئے بھی دریغ نہیں کیا۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر اور کرگل کے علماء نے بھی الگ الگ تعزیتی پیغامات ارسال کرکے ایرانی قیادت اور عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔...

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، ایران کے عوام اور مرحوم کے اہلخانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی فلسطین اور بیت المقدس اور امت مسلمہ کے اتحاد کے علمبردار تھے اور اس پر پختہ یقین رکھتے تھے۔

سید حسن نصراللہ کے تعزیتی پیغام میں آیا ہے: اسلامی انقلاب کی پوری جدوجہد سے لیکر انقلاب اسلامی کے بعد کے برسوں میں جس جس عہدے پر وہ رہے، مسلہ فلسطین کے متعلق معاملات کو خاص اہمیت دیتے رہے۔...

عراق کے سرکردہ سیاستداں اور مجلس اعلی اسلامی کے رہنما سید عمار حکیم نے اپنے پیغام میں آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کو اسلامی جمہوریہ ایران کی انقلابی، سیاسی اور ثقافتی تاریخ کی ممتاز شخصیت قرار دیا ہے۔

عراق کے صدر فواد معصوم نے آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر حسن روحانی کو تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔

فواد معصوم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا: آیت اللہ رفسنجانی عراقی عوام کے بڑے ہمدرد اور حامی تھے۔
عراق کے نائب صدر نوری المالکی اور نیشنل الائنس کے سربراہ سید عمار حکیم نے بھی اپنے پیغامات میں ایرانی سابق صدر آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی رحلت پر رہبر معظم انقلاب اسلامی کو تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔...

کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے بھی صدر ایران کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے عظیم نقصان قرار دیا ہے۔...

بحرین کے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے بھی آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر ایران کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔...

متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا: آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے نام کو اسلامی جمہوریہ ایران اور شاہی حکومت کے خلاف ایرانی عوام کے انقلاب سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔...

ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو، سابق صدر عبداللہ گل، ایران میں اقوام متحدہ کے نمائندے گیری لوئیس نے بھی آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر جاری کردہ تعزیتی پیغامات میں ایران کے عوام اور مرحوم کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ...

 

ماخذ: http://urdu.sahartv.ir/

ای میل کریں