آیت اللہ حکیم (رحمۃ اللہ علیہ) کی رحلت عالم اسلام کے لیے بہت بڑا نقصان ہے

آیت اللہ العظمیٰ السید محمد سعید الحکیم کی وفات عالم اسلام کا بڑانقصان ہے، علامہ ساجد نقوی

ID: 71154 | Date: 2021/09/04

آیت اللہ حکیم (رحمۃ اللہ علیہ) کی رحلت عالم اسلام کے لیے بہت بڑا نقصان ہے


 


حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے آیت اللہ سید محمدسعید حکیم کی رحلت پر تعزیتی بیانیہ صادر کیا ہے اور لکھا ہے کہ اس عظیم مرجع اور فقیہ عالم آیت اللہ العظمی سید محمدسعید حکیم کی رحلت سے عالم اسلام میں دکھ اور غم و اندوہ پایا جاتا ہے۔


حزب اللہ لبنان نے اپنے بیانیہ میں مزید لکھا ہے کہ انہوں نے اپنی پر برکت عمر دین مبین اسلام، حوزہ علمیہ نجف اشرف کی سربلندی اور دنیائے اسلام کے مسائل حل کرنے میں گزار دی۔


یہ مصیبت عالم اسلام کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ اس بزرگ عالم دین نے اپنی زندگی میں حق سے دفاع کے لیے انتہائی اہم اور خطرناک اقدامات کئے اور عرصہ دراز تک امت اسلامی پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کے مقابلے اور بالخصوص بعثی حکومت کی جانب سے رنج و مصائب جھیلتے رہے۔


حزب اللہ لبنان نے آخر میں اس مصیبت پر حضرت صاحب العصر والزمان عجل اللہ فرجہ الشریف، مراجع عظام تقلید، مرحوم کے خاندان معظم، ان کے فرزندان، تمام طلّاب، مرحوم کے شاگردوں اور عالم اسلام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کی اور بارگاہ خداوندی میں دعا کی کہ خدا وند عالم انہیں اپنے اجداد پاک کے ساتھ محشور فرمائے اور سب کو صبر عطا فرمائے۔


 


آیت اللہ العظمیٰ السید محمد سعید الحکیم کی وفات عالم اسلام کا بڑانقصان ہے، علامہ ساجد نقوی


 


قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عراق کے معروف خاندانِ حکیم کے سرکردہ شخصیت حوزہ علمیہ نجف اشرف کے عظیم استاد اور عراق کے معروف مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمی السید محمد سعید الحکیم کے وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیت ا۔ہ العظمیٰ السید محمد سعید الحکیم کی وفات عالم اسلام کا بڑا نقصان ہے ،مرحوم نجف اشرف کے چار سرکرہ مراجع میں سے ایک تھے اور پورے عالم اسلام میں ان کے چاہنے والے موجود ہیں ان کی علمی ، دینی ، فلاحی خدمات کا دائرہ پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے،علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کی جانب سے الحکیم خاندان کے ساتھ، پسماندگان کے ساتھ اور عقیدت مندوں کے ساتھ دل کی اتہاہ گہرائیوں سے اظہار تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔


قائدملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہاکہ حضرت آیت اللہ العظمی السید محمد سعید الحکیم کی بہت سی تصانیف تھیں جو علمی حلقوں میں خصوصی توجہ کا مرکز تھیں وہ اتحاد و حدت کے زبر دست داعی تھے اور الحکمۃ فاونڈیشن کے ذریعے دنیا بھر میں فلاحی کاموں میں اپنی مثال آپ تھے ،اس الحکمة فاونڈیشن کے پلیٹ فارم پر پاکستان میں بھی 2020ءاور اس سے قبل آنے والے سیلاب کے متاثرین کی امداد کی اور اور ان کی بحالی کے لئے مختلف نوعیت کے امداد ی پیکج ، مکانات اور نہایت مشکل گھڑی میں مستحقین کی سرپرستی کی جس کے آثار آج بھی موجود ہیں ۔


علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ حضرت آیت ا۔۔ہ العظمیٰ سید محمدسعید الحکیم طاب ثراہ کی مرجعیت آپ نوجوانی سے ہی تدریس وتالیف میں شہرت یافتہ تھے آپ نے اپنا سارا وقت حوزہ علمیہ نجف کے جوان طلاب کے علمی معیار کو بلند کرنے کی راہ میں صرف کردیا چنانچہ آپ انھیں درس دیتے اور ان کی علمی صلاحیتوں کوبڑھاوا دیتے جس کے باعث بہت سے طلاب وفضلاءاعلیٰ علمی سطح تک پہنچ گئے اور مختلف مقامات پر دینی خدمات سرا نجام دے رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ آپ ان کی اخلاقی تربیت کا بھی بے حد خیال رکھتے تا کہ تقوی و پرہیزگاری سے متصف رہیں اور اپنی تالیف وتصنیف اورتحقیق کے ذریعہ حوزہ علمیہ نجف کا نام روشن کرنے میں کر دار ادا کریں۔


آخر میں ایک بار پھر انہوں نے پسماندگان ،فرزندگان جن کا شمار فاضل علماءمیں ہوتا ہے حجة السلام سید ازالدین الحکیم اور حجة السلام سید ریاض الدین الحکیم اور دوسرے فرزندان و خاندان اور عقیدت مندوں کو تعزیر و تسلیت پیش کی ۔