انقلاب اسلامی اقوام عالم کے لئے ظلم و استبداد سے نجات کا پیغام ہے، علامہ مقصود ڈومکی

انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کا پیغام کسی ایک سرزمین اور ایک ملت تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ اقوام عالم کے لئے ظلم و استبداد سے نجات کا پیغام ہے

ID: 68088 | Date: 2021/02/07

انقلاب اسلامی اقوام عالم کے لئے ظلم و استبداد سے نجات کا پیغام ہے، علامہ مقصود ڈومکی


 


حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے عشرہ فجر انقلاب اسلامی کے موقع پر کہا ہے کہ انقلاب اسلامی نور کی تجلی بن کر چمکا جس نے دنیا میں پھیلے ظلمت کدے میں حق و صداقت اور ہدایت کی شمع روشن کی۔ جس نے دنیائے کفر و شرک اور طاغوت کے تمام تر شیطانی منصوبوں کو ناکام بناتے ہوئے خدا کی زمین پر خدا کے نظام کی بالادستی کی بات کی۔ رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے عصر حاضر میں قرآن اور سنت کی روشنی میں ایک الہی اسلامی حکومت قائم کرکے بے مثال کارنامہ انجام دیا۔


انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کا پیغام کسی ایک سرزمین اور ایک ملت تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ اقوام عالم کے لئے ظلم و استبداد سے نجات کا پیغام ہے۔ حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ اتحاد بین المسلمین کے علمبردار اور سامراج مخالف انقلابی رہنما ہیں کہ جن کے افکار نے عالمی استکباری نظام میں دراڑیں ڈال دیں۔


انہوں نے کہا کہ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے عصر حاضر میں قرآن و سنت کی روشنی میں ایک ایسا نظام حکومت تشکیل دیا جو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے آپ نے استکباری نظام کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتے ہوئے قرآن کریم کی تعلیمات کی روشنی میں اسلام کے سیاسی نظام یعنی نظام ولایت کو اس انداز سے پیش کیا کہ دنیا بھر کے کروڑوں انسان آپ کے گرویدہ اور ہمنوا ہوگئے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے لئے حضرت امام خمینی نے قید و بند کی صعوبتیں اور طویل جلاوطنی برداشت کی آپ کے صبر و استقامت کے سامنے ڈھائی ہزار سالہ شاہی نظام سرنگون ہوگیا۔


انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی 42 ویں سالگرہ کے موقع پر پر ہم تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔