پاک ایران تعاون سے علاقائی امن پہ مثبت اثرات مرتب ہوں گے، سپہ سالار

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں

ID: 66758 | Date: 2020/11/12

پاک ایران تعاون سے علاقائی امن پہ مثبت اثرات مرتب ہوں گے، سپہ سالار


 


اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں سرحدی، دفاعی، علاقائی امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی ،افغان امن عمل، پاک، ایران سرحدی انتظام، سرحدی منڈیوں کے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک،ایران وسیع تر تعاون کے علاقائی امن و استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی استحکام، افغان امن کیلئے پاکستانی مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان اور افغانستان کیساتھ بہترین تعلقات کیلئے سرگرم عمل ہے۔ ملاقات سے متعلق پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر محمد علی حسینی نے اردو میں ٹویٹ میں بتایا کہ آرمی چیف اور وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے دو طرفہ دوستانہ تعلقات، ہمسائیگی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔


قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں تشریف لائے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔ جواد ظریف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، کثیر الجہتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ، کورونا وباء کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں بارڈرمینجمنٹ، دو طرفہ روابط کے فروغ اور زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے امور بھی زیر بحث آئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب کے اعزازمیں ظہرانہ بھی دیا۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کا کیک کاٹا۔


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ایران بھی افغانستان میں استحکام چاہتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف  کا کہنا تھا کہ  پاکستان سے ملنے والے تعاون سے بہت مطمئن ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ دو طرفہ تجارت اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے ایران میں کورونا کی وجہ سے اموات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک بھی تعلقات تعاون کو باہمی فائدہ کےلئے مزید مضبوط کریں۔ وزیر اعظم نے ملاقات میں کورونا سے نمٹنے میں پاکستانی حکمت عملی سے ایرانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔