ایرانی صدر کی سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد پر تاکید

ایرانی عوام کے اتحاد و یکجہتی نے دشمنوں کو مایوس کیا

ID: 58265 | Date: 2019/03/29

ابنا  کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے صوبہ گلستان پہنچنے کے فورا بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔


ڈاکٹر حسن روحانی نے کابنیہ کے بعض ارکان کے ساتھ آق قلا شہر کا بھی دورہ کیا جو سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔


صدر ایران صوبہ گلستان کے بعد مازندران اور شیراز کا بھی دورہ کریں گے۔


ایران کے شمالی اور جنوب مغربی اور وسطی علاقے ایک ہفتے سے زائد شدید بارشوں کے بعد سیلابی ریلے کی زد میں آگئے جس کے نتیجے میں درجنوں شہر اور سیکڑوں گاؤں پانی میں ڈوب گئے۔


متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حکومت نے متاثرین کی بحالی کے فوری اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔


ایرانی عوام کے اتحاد و یکجہتی نے دشمنوں کو مایوس کیا


اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرنے ایران میں آنے والے سیلاب سے ایرانی عوام میں تفرقہ ڈالنے کیلئے دشمنوں کے پروپگنڈوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کی خواہش کے بر خلاف اللہ تعالی نے وہ کام کیا جس سے دنیا نے ایرانی عوام کی یکجہتی و اتحاد کا مشاہدہ کیا۔


اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کل رات صوبہ مازندران میں بحران سے نمٹنے کیلئے ہم آہنگی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ ہر چند کہ حالیہ سیلاب سے لوگوں کو نقصان پہنچا تاہم اس سانحہ میں ایرانی عوام نے ایک بار پھر اپنے اتحاد و یکجہتی سے دشمنوں کو مایوس کیا۔


صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی اور صیہونی حکام نے ایران میں آنے والے سیلاب سے ایرانی عوام کو شیعہ و سنی، ترکمن و فارس کے ذریعے آپس میں لڑانے کی کوشش کی جس میں انھیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔


ایران کے صدر نے کہا کہ ایرانی عوام نے ہمیشہ یکجہتی واتحاد کا مظاہرہ کیا اور مسلح افواج،ایرانی عوام اور دوسرے محکموں نےسیلاب متاثرین کی بھرپور امداد و مدد کی اور ریسکیو کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔


صدر حسن روحانی نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام منہ زوروں اور جارحیت کرنے والوں کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرے گی۔