فوج کے پاس آؤٹ پریڈ سے رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب

دفاعی صلاحیتوں پر دشمن سے مذاکرات، ہرگز

رہبر انقلاب اسلامی: ایران کی دفاعی طاقت اور صلاحیتوں پر کسی بھی صورت میں مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

ID: 49956 | Date: 2017/10/26

رہبر انقلاب اسلامی: ایران کی دفاعی طاقت اور صلاحیتوں پر کسی بھی صورت میں مذاکرات نہیں ہوسکتے۔


رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر نے بدھ کو امام علی (ع) ملیٹری یونیورسٹی میں سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی نظام کے دشمن ایران کے قومی اقتدار کے عناصر کو اپنی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں اور ان کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔


آپ نے فرمایا: اسی لئے وہ مختلف قوموں کے درمیان اور اسی طرح علاقے اور علاقے سے باہر اسلامی جمہوریہ ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے مخالف ہیں کیونکہ ایران کا یہ اثر و رسوخ اور اس کی طاقت اور وقار اسلامی نظام کا اسٹریٹجیک ڈیپتھ ہے۔


رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کی دفاعی توانائیوں سے سامراجی طاقتوں کی مخالفت کو بھی اسی تناظر میں قراردیا اور فرمایا: (سامراجی طاقتوں کی) ان مخالفتوں کا مقابلہ کرنے کا راستہ یہ ہےکہ دشمنوں کی خواہشات کے برخلاف قومی اقتدار کے عناصر پر بھروسہ اور استقامت و پامردی کا مظاہرہ کریں۔


رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: مسلح افواج کی اہم ترین ذمہ داری ملک کی سیکورٹی کو مستحکم اور یقینی بنانا ہے۔


آپ نے فرمایا کہ مختلف میدانوں، منجملہ سائنسی، اقتصادی اور صنعتی میدانوں میں ترقی و پیشرفت کا دار و مدار ملک کی سیکورٹی اور سلامتی پر ہے۔



آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے سبھی لوگوں، خاص طور پر نوجوانوں کو سفارش کی کہ اسلام جمہوری نظام کی برکت سے اس وقت جو امن و سلامتی ایران میں پائی جا رہی ہے اور ایران کو جو عزت و سربلندی نصیب ہے، اس کی قدر کریں۔


قائد انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا: ایک وقت ایران اپنے تاریخی اور درخشاں ماضی اور بے پناہ استعداد و صلاحیتوں کے باوجود امریکی صیہونی اور برطانوی مشیروں کے تسلط اور چنگل میں تھا اور آلہ کار، کمزور اور پست حکمرانوں کے ہاتھوں اس کی تحقیر کی جاتی تھی لیکن اسلام نے ایران کو نجات دلائی اور اسلامی جمہوریہ نے ایران کو باعزت اور مقتدر بنا دیا۔


رہبر عظیم الشان کے خطاب سے قبل فوج کے کمانڈر ان چیف نے بھی فوج کے جوانوں کی مکمل تیاری پر زور دیا اور کہا:" ہمارا وعدہ ہےکہ اسلامی ایران کی فوج، پاسداران انقلاب اسلامی کے شانہ بشانہ سامراجی طاقتوں کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیں گے یہاں تک اور صیہونی حکومت کا خاتمہ ممکن بنا دیں گے"۔


پاس آؤٹ پریڈ کے دوران اعلی صلاحیتوں کے مالک کمانڈروں، پروفیسروں اور کیڈٹ کو مختلف اعزازات سے نوازا گیا اور فوج کے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔


اس موقع پر فوج کی مختلف ٹکڑیوں نے بھی اپنی معیاری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور انتہائی خوبصورت اور معنی و مفہوم سے مالامال کرتب پیش کئے۔


 


حوالہ: http://www.leader.ir