امریکی سرپرستی میں داعش کیخلاف بننے والا عالمی اتحاد ایک ڈرامہ ہے: ثروت اعجاز قادری

امریکی سرپرستی میں داعش کیخلاف بننے والا عالمی اتحاد ایک ڈرامہ ہے: ثروت اعجاز قادری

علماء و مشائخ اہلسنت، کارکنان, مزارات کے تحفظ اور داعش کے باطل نظریات سے عوام کو آگاہ کریں۔

مرکز اہلسنت پر وفد سے ملاقات میں سربراہ سنی تحریک نے کہا کہ خطے کی دو بڑی طاقتوں ایران اور شام کو داعش کیخلاف اتحاد سے باہر رکهنے سے واضح ہوگیا کہ امریکہ اسکی آڑ میں اسرائیلی مفادات کا تحفظ چاہتا ہے۔

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ علماء و مشائخ اہلسنت، کارکنان, مزارات کے تحفظ اور داعش کے باطل نظریات سے عوام کو آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ داعش نے عراق میں انبیاء اور صحابہ کرام سمیت مقدس شخصیات کے مزارات شہید کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے، مزارات کو مسمار کرنے کے اقدام سے اُمت مسلمہ کے دل چهلنی ہوگئے ہیں۔ سربراہ سنی تحریک کا کہنا تها کہ طالبان اور داعش جیسی تنظیموں کے باعث مسلمانوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، ان کی گمراہی کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنا اہل علم کی ذمہ داری ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ جنت البقیع میں اہلبیت اور صحابہ کرام کی قبور مبارک پر بلڈوزر چلانے والے ،حضور اکرم (ص) کی والدہ ماجدہ حضرت آمنہ رضی اللہ عنہ کے مزار کو بلڈوز کرنیوالے داعش کے دہشتگردوں کو پاکستان کی سرزمین قبول نہیں کریگی ،مسلمانیت کے لبادے میں یہودیوں کے پیروکار داعش کے دہشتگرد چهپے ہیں، عوام ان سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سرپرستی میں داعش کیخلاف بننے والا عالمی اتحاد ایک ڈرامہ ہے، امریکہ اور مغربی ممالک عراق اور شام میں اپنے مفادات کا حصول چاہتے ہیں، مسلمانوں کو بدنام کرنے کیلئے داعش کو اسلامی حکومت کا نام دینا اسلام دشمنی ہے، حقیقت یہ ہے کہ امریکہ نے داعش کو خود تشکیل دیا ہے، تاکہ دہشتگردی کے خلاف مہم کو جواز بنا کر مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ کرسکے۔ سربراہ پی ایس ٹی کا کہنا تها کہ داعش اور طالبان کو بنانے والے ایک ہی ہیں جو مسلمانوں میں فرقہ دارانہ فسادات کروانا چاہتے ہیں، دہشت گرد تنظیم داعش کے نام پر عرب ممالک کے خرچ پر مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کو مضبوط کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ خطے کی دو بڑی طاقتوں ایران اور شام کو داعش کے خلاف اتحاد سے باہر رکهنے سے واضح ہوگیا ہے کہ امریکہ اس کی آڑ میں اسرائیلی مفادات کا تحفظ چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی پالیسیاں تضادات اور منافقت پر مبنی ہیں، عرب ممالک امریکہ کے آلہ کار بننے کی بجائے داعش کے خاتمے کیلئے ازخود حکمت عملی تشکیل دیں۔

ای میل کریں