مرکزی القدس ریلی کراچی

عرب ممالک کے اسرائیل کیساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات قلبِ فلسطین میں خنجر کے مترادف ہیں

مغربی قوتیں مسلمانوں کو تقسیم اور فرقہ واریت میں ملوث کرکے فلسطین اور القدس کی آزادی سے توجہ ہٹانا چاہتی ہیں

اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پر مرکزی القدس ریلی نمائش چورنگی تا تبت سینٹر نکالی گئی۔ مرکزی آزادی القدس ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں پاکستانی، فلسطینی و آزادی القدس کے پرچم سمیت پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور سمیت القدس کی آزادی تک جنگ رہے گی، اسرائیل کی نابودی تک جنگ رہے گی کے نعرے آویزاں تھے۔ مرکزی آزادی القدس ریلی میں بچوں کے خصوصی دستے تیار کئے گئے تھے، جنہوں نے سروں پر سرخ پٹیاں باندھ رکھی تھیں، جن پر یا قدس ہم آ رہے ہیں کے نعرے درج تھے ۔

مرکزی آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی نے کہا کہ مسلمان اقوام کو چاہئیے کہ متحد ہو کر قبلہ اول کی بازیابی کے لئے جدوجہد کریں، یہ مسلم امہ کی کمزوری ہے کہ آج 68 برس سے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل قبلہ اول پر قابض ہے اور مسلم امہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کر مظلوموں اور ظالموں میں پہچان کا فارمولا دے دیا ہے، آج پوری دنیا میں امام خمینیؒ کے فرمان کے مطابق مسلمانوں سمیت مسیح اور دیگر اقوام القدس ریلیاں اور مظاہرے منعقد کر رہی ہیں، جو اس بات کی دلیل ہے کہ القدس کی آزادی عنقریب ہے۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا احمد اقبال کا کہنا تھا کہ ایک طرف اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے، تو دوسری جانب مسلم دنیا بالخصوص عرب دنیا کے حکمران اسرائیل جیسی خونخوار ریاست کے ساتھ اپنے تعلقات استوار کر کے فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بھی عرب ممالک کا دباؤ ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کر لیا جائے، لیکن پاکستان کے عوام ہرگز ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

علامہ عباس کمیلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا، اسرائیل سمیت مغربی قوتیں مسلمانوں کو تقسیم اور فرقہ واریت میں ملوث کرکے فلسطین اور القدس کی آزادی سے توجہ ہٹانا چاہتی ہیں، جس کی واضح مثال چند ناعاقبت اندیش عرب ممالک کی جانب سے فرقہ وارانہ ملٹری الائنس ترتیب دیا گیا، اگر کوئی ملٹری الائنس بنانا ہی مقصود ہے، تو پھر سب سے پہلے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور کشمیر کی آزادی کیلئے بنایا جانا چاہئیے۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے کہا کہ القدس کی آزادی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی، اور اگر عرب ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اسرائیل کے تسلیم کرنے یا اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بات کی گئی، تو پاکستان کا بچہ بچہ سڑکوں پر نکل آئے گا اور کٹ مرے گا، لیکن حکمرانوں کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ مسلمانوں کے قبلہ اول پر سودے بازی کریں اور مظلوم فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو زک پہنچائی جائے۔ اس موقع شرکائے ریلی نے امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور، القدس کی آزادی کیلئے فلک شگاف نعرے بلند کئے، جبکہ شرکائے ریلی نے امریکی و اسرائیلی حکمرانوں کے پتلوں سمیت امریکا اور صیہونی پرچم بھی نذر آتش کئے۔

ای میل کریں