امام خمینی (رح) نے ایرانی قوم کواعلٰی مقصد کیلئے ہرقسم کی قربانیوں پر تیار کیا

امام خمینی (رح) نے ایرانی قوم کواعلٰی مقصد کیلئے ہرقسم کی قربانیوں پر تیار کیا

تحریک مزاحمت تنظیم کے سربراہ بلال صدیقی نے انقلاب اسلامی ایران کو اْمت مسلمہ کی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ: امام خمینی(رح) نے اپنے کردار و عمل اور ایمان باللہ سے ایرانی قوم کو ایک اعلیٰ مقصد کیلئے ہر قسم کی قربانیوں پر تیار کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بانی انقلاب اسلامی ایران امام خمینی (رح) کی 26 ویں برسی کے موقعہ پر ہوٹل گرینڈ ممتاز سرینگر میں اہل سنت جوانوں کی طرف سے منعقدہ اپنی نوعیت کی ایک کانفرنس منعقد ہوئی۔تقریب کا اہتمام ’’لائیرس کلب کشمیر‘‘ نے ’’تحریک شباب المسلمین‘‘ اور ’’انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل‘‘ کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔

سینئر حریت رہنما اور جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نےکہا: کشمیر کی تحریک آزادی کا انقلاب اسلامی سے ایک گہرا ربط ہے۔ انقلاب اسلامی ایران سے کشمیری نوجوانوں کے تحریکی جذبات نے ایک نئی کروٹ لی۔ سجادہ نشین عشمقام مولاناپیرڈاکٹرسمیرصدیقی نے حضرت امام خمینی (رح)کی شخصیات کےعرفانی پہلو کو زیر بحث لاتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رح) نے اپنی ذات کو قربت خداوندی کے اس منزل تک پہنچا دیا تھا جہاںرب اپنے بندے کی مرضی اور دعا کو بہرحال قبول فرماتا ہے۔

اسلامک اسٹڈیز کشمیر یونیورسٹی کے سربراہ پروفیسر حمید نسیم رفیع آبادی نے امام خمینی(رح)کے نعرہ ’’لا شرقیہ لا غربیہ اسلامیہ اسلامیہ‘‘ کو ملت اسلامیہ کی تمام پریشانیوں کا حل قرار دیتے ہوئے شیعہ سنی مشترکات کو بروئے کار لانے اور اختلافات کو بالائے طاق رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

تحریک مزاحمت تنظیم کے سربراہ بلال صدیقی نے انقلاب اسلامی ایران کو اْمت مسلمہ کی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ: امام خمینی(رح) نے اپنے کردار و عمل اور ایمان باللہ سے ایرانی قوم کو ایک اعلیٰ مقصد کیلئے ہر قسم کی قربانیوں پر تیار کیا۔

حریت رہنما اور اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے امام خمینی(رح) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ: امام نے اپنی تحریک کی بنیاد فلسفہ کربلا کے اصولوں پر استوار کی اور یہی اس تحریک کی کامیابی کا اصل راز تھا۔

ایڈوکیٹ محمد امین بٹ نے خطاب کرتے ہوئے امام خمینی (رح) کوعالم اسلام اور عالم انسانیت کا ایک رول ماڈل قرار دیا۔بار ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ جی این شاہین نے امام خمینی(رح) کو ایک آفاقی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی بلند قامت شخصیت کی یاد میں ہونے والی کوئی بھی تقریب انتہائی شان و شوکت سے منعقد کرنے کی ضرورت ہے اور آئندہ یہ تقریب ایک عوامی جلسے کی صورت میں منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ پنڈت برادری کے ایک سماجی کارکن کمار جی وانچو نے کہا کہ:امام خمینی(رح) نے ہمیشہ انسانیت کی بقاء کی خاطر ظالموں کی مذمت کی۔

علاوہ ازیں جن شخصیات نے تقریب سے خطاب اور شرکت کی ان میں آغا سیداحمدمصطفی،ایڈوکیٹ نورالامین،محمداشرف منٹو،ڈاکٹرعابدگلزار، وسیم رضا حسینی، امداد ساقی، ایڈوکیٹ تفضل حسین، سید جاوید عباس رضوی، رمیز مخدومی، ایڈوکیٹ اویس گیلانی، امتیاز حیدر، ایڈوکیٹ یونس حجاج، ایم ایم شجاع، ایڈوکیٹ ایس ایس شبیر، فدا حسین اور 300 سے زائد افراد نےاس تقریب میں شرکت کی، تلاوت کلام پاک ہلال حسین بٹ اور نعت شریف نثار حسین راتھر نے پیش کیا، کانفرنس کے اختتام پر متفقہ طور ایک قرار داد بھی پاس کی گئی، آخر پر لائیرس کلب کشمیر کے صدر ایڈوکیٹ بابر قادری نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

ای میل کریں