آنکھوں سے دُور ہو کے بھی، دل سے نہ جا سکا

آنکھوں سے دُور ہو کے بھی، دل سے نہ جا سکا

امام خمینی رہ کی 26ویں برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

26 برس قبل جو "پیر" ہم سے رخصت ہوا، نہ صحنِ دل سے جا سکا اور نہ عرصہ سیاست سے۔ امام خمینی رہ کا وجود ایک تحریک اور جذبے کی صورت میں آج بھی وسعت پذیر ہے۔ ان کانام انقلاب در انقلاب کے لیے ایک انگیخت بن چکا ہے۔ ان کی بصیرت ہر روز نئے پرت ہٹنے سے مزید نورافگن ہوئے چلی جاتی ہے۔ روحانیت وعرفان کی دنیا کے شناور بھی زیر لب بالائے لب ان کے لیے زمزمہ سنج رہتے ہیں:

آنکھوں سے دُور ہو کے بھی، دل سے نہ جا سکا

1978ء کی بات ہے، ایران میں تحریک زوروں پر تھی، قربانیوں کے سلسلے جاری تھے۔ مریدان باصفا کی مراد پیرس کے مضافات میں تھی۔ استاد مرتضیٰ مطہری اپنے استاد مہربان و دل کشاد سے ملاقات کے لیے ایک وفد کے ہمراہ پیرس گئے تھے۔ واپس آئے تو لوگوں کے سوالات کی بوچھاڑ تھی۔ ایک جواب میں کہنے لگے: میں اس سے مل کر آیا ہوں کہ وہ جو کچھ کہتا ہے اس پر ایمان رکھتا ہے۔ واقعاً "خمینی" کی جگہ "ایمان کی قوت کا ایک مظہر" لکھ دیا جائے تو صد در صد درست ہوگا۔ "خمینی" عصر حاضر میں قوت ایمان کے ایک مظہر کا نام ہے۔ اللہ، رسول اور قرآن پر ایمان، وہی ایمان جو دل کی دنیا بدل دیتا ہے اور جب دل کی دنیا بدلتی ہے تو "مومن" ایک دنیا کو بدلنے کی توانائی حاصل کر لیتا ہے۔

قہاری و غفاری و قدوسی و جبروت

یہ چار عناصر ہوں تو بنتا ہے مسلمان

اور مسلمان جو ایمان کی فضا سے گزر کر عشق و عرفان کی فضا سے آشنا ہوتا ہے تو کچھ کا کچھ ہو جاتا ہے۔ اسلام اور ایمان معجزے دکھاتا ہے۔ ماضی میں بھی دکھاتا رہا ہے اور آج بھی دکھا رہا ہے۔ سچ ہے ماضی میں ایسے پیکر زیادہ ڈھلتے دکھائی دیتے تھے لیکن گیتی ایمان بانجھ نہیں ہو گئی، اب بھی اعلٰی درجے کے باایمان سپوت عرصہ ظہور میں قدم رکھتے ہیں۔ پیک وحی کے پیغام کی صداقت انہی سپوتوں کے وجود سے تصدیق اور پایہ ثبوت کو پہنچتی ہے۔ امام خمینی رہ کو دنیا زیادہ تر ایران کے اسلامی انقلاب کے بانی، اولین رہبر اور مرشد اول کے عنوان سے جانتی ہے۔ یہ عنوان بھی درست ہے، لیکن عرفان خمینی کے لیے نہایت ناکافی ہے۔ امام سید روح اللہ الموسوی الخمینی کو جاننے پہچاننے کے لیے کچھ کوشش کی ضرورت ہے۔ "عنقائے مضمون" اتنی آسانی سے ہاتھ نہیں آتا۔ شہید سید مصطفٰی الموسوی کا یہ فرزند بہت سے پہلو رکھتا ہے۔ شہیدوں کے ذکر سے معمور فضا میں پروان چڑھنے والا انسان مادی زندگی کی حرص آلود فضا میں پرورش پانے والوں کی طرح نہیں ہوسکتا۔ علم و عرفان، تقوی و تفقہ، ادب واخلاق سب کچھ تو ان کے گھر میں تھا۔ شب زندہ داروں کی گود میں پروان چڑھنے والا خمینی عام انسان سے مختلف تھا تو اس میں کیا تعجب ہے۔ سیاست کی دنیا کے امام بننے سے پہلے بھی امام خمینی رہ فقہ و اصول میں فقاہت واجتہاد کے بلند ترین درجے پر پہنچنے والے نابغہ روزگار افراد میں سے جانے اور پہچانے جاتے تھے۔ اصول و فقہ میں ان کی نو آوریوں اور جدت طرازیوں کا ذکر پہلے سے علمی محفلوں میں موجود تھا۔ ان کے مقام فقاہت ہی کی وجہ سے کروڑوں انسان ان کی تقلید کرتے تھے اور انھیں اپنا مرجع جانتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ظلم شاہی کے خلاف جب انھوں نے قیام کیا تو ایرانیوں ہی کے لیے نہیں، بیرون ملک بھی ان کے کروڑوں مقلدین اور ہزاروں شاگردوں کے لیے یہ نام غیر مانوس نہ تھا۔ اصول و فقہ میں ان کی کتب میں ان کے افکار آج بھی اجتہاد کے اعلٰی دروس میں زیر بحث رہتے ہیں اور بعض فقہا نے انہی کی کتابوں کو اپنے دروس اجتہاد کے لیے متن قرار دے رکھا ہے۔ ان کے دورہ فقہ "تحریر الوسیلہ" کی چاروں جلدوں کا اردو میں بھی ترجمہ ہو چکا ہے۔ اصول و فقہ کے اعلٰی ترین دروس کے علاوہ امام خمینی رہ کا درس اخلاق خاص شہرت اور محبوبیت رکھتا تھا۔ دل کی اتھاہ گہرائیوں سے اٹھنے والی آواز دلوں میں جا سماتی تھی۔ اخلاق و عرفان کے موضوع پر ان کی کتابوں نے بہت شہرت حاصل کی ہے۔ "اسرار الصلوة" ان کتب میں سے بہت مقبول ہے۔ شاید اس لیے بھی کہ اس میں فلسفی اصطلاحات نہیں ہیں۔ سادہ عرفانی و اخلاقی نکات کے بیان سے نماز کی اہمیت و عظمت آشکار کرتی ہے۔ فلسفے میں امام خمینی رہ ملا صدرا کے مکتب کو فروغ دینے والے اور خود ایک بہت بڑے فلسفی تھے۔ ملا صدرا جن کا نام سید صدرالدین شیرازی ہے، سے امام خمینی رہ کی عقیدت کا اظہار اس ایک بات سے ہی ہو جاتا ہے کہ سوویت یونین کے سابق صدر گوربا چوف کو دعوت ایمان بالغیب دینے کے لیے امام خمینی رہ نے جو مکتوب لکھا، اس میں اسے ملا صدرا کے افکار کے مطالعے کی دعوت دی اور سید صدرالدین شیرازی کے نام کے ساتھ لکھا "حشرہ اللہ مع النبیین والصالحین"۔ عرفان نظری میں امام خمینی رہ شیخ اکبر حضرت محی الدین ابن عربی کے مکتب کے مروج تھے۔ ان کا نام نامی بھی گوربا چوف کے نام لکھے گئے مکتوب میں موجود ہے۔ دونوں بزرگوں کی تاثیر امام خمینی رہ کی عرفانی، فلسفی اور اخلاقی کتب میں دیکھی اور محسوس کی جاسکتی ہے۔ دنیا کو سیاست کی نئی سبیل سے آشنا کرنے والا، مادی تصور کائنات کے بجائے روحانی تصور کائنات کی بنیاد پر تشکیل حکومت کرنے والا، مجاہد فی سبیل اللہ، فرزند شہید و پدر شہید امام خمینی رہ کتابوں کی دنیا سے نکل کر باہر آجانے والا اسلامی تعلیمات کا پیکر تھا۔ بیداری اسلامی کی بڑھتی ہوئی لہر جو یکے بعد دیگرے بڑے بڑے بتوں کو گرائے چلی جاتی ہے اسی کے نفس گرم سے پھوٹی ہے۔ راتوں کو مصلے پر راز ونیاز کرنے والے اور دن کو سپاہیان راہ خدا کے سپہ سالار خمینی رہ کے سپاہی فقط ایران میں نہیں ہیں۔ مختلف ملکوں میں جوانوں، بہادروں اور کہن سال جوانمرد اہل دانش و بینش کے تازہ دم قافلے اس قافلے سے مل رہے ہیں۔ مستکبرین پر مستضعفین کے غلبے کی پیش گوئی کرتے ہوئے اسلام اور قرآن کا پرچم تھامے خمینی آگے آگے ہیں۔

ای میل کریں