امام خمینی (رہ) کا ملک کے بعض اساتذہ کے مجمع میں خطاب

امام خمینی (رہ) کا ملک کے بعض اساتذہ کے مجمع میں خطاب

کسی عمل کو خدا کے لیے انجام دینا خود ایک کامیابی ہے

بسم اللہ الرحمن الرحیم

اس کے باوجود کہ میری طبیعت سازگار نہیں ہے لیکن پھر بھی چند کلمات، میں آپ حضرات کی خدمت میں پیش کرتا ہوں خداوند عالم پیغمبر اسلام (ص) سے فرماتا ہے " قل انما اعظکم بواحدۃ ان تقوموا للہ"اس امت سے کہہ دو کہ میں صرف ایک نصحت کرتا ہوں اور وہ یہ کہ خدا کی خاطر قیام کریں۔ خدا کی راہ میں اٹھ کھڑے ہوں چنانچہ اگر قیام اللہ کی خاطر ہو تو کامیابی اس کے ہمراہ ہے خواہ ظاہری طور پر ہم شکست ہی کھا جائیں پھر بھی ہم کامیاب اور کامران ہیں اس لیے کہ ہم نے خدا کے لیے قیام کیا ہے کسی بھی عمل کا الہی ہونا خود اس کی کامیابی کی دلیل ہے لیکن اگر قیام  شیطانی ہو اور اپنی ہوی و ہوس اور شیطانی خواہشات کی بنا پر قیام کریں تو یہ خود ایک شکست ہے چاہے ظاہری اعتبار سے کامیاب ہوں یا ناکام۔ اس کی مثال حضرت امیر (ع) کا معاویہ کے مقابلہ میں قیام کرنا ہے۔ یہ دو لشکر ایک دوسرے کے سامنے صف آرا ہوئے ان میں ایک طاغوت اور اس کا لشکر بھی طاغوت اور دوسرا خدائی اور اس کا لشکر بھی خدائی تھا۔ لیکن اگر کامیابی کسی کا نصب العین قرار پائی وہ صرف علی(ع) اور ان کے لشکر والے تھے۔ یہ لوگ شکست بھی کھا جاتے ان کی شکست، شکست نہ ہوتی۔ یہ لوگ ہر صورت میں کامیاب اور کامران ہوتے۔

 

عرض یہ کرنا چاہتے ہیں کہ صفین میں بھی حضرت علی علیہ  السلام نے شکست نہیں کھائی اس لیے کہ سامنے والے مکار تھے معاویہ اور اس لشکر والوں نے مکر و حیلہ سے کام لیا اور یہ چیز اس بات کا باعث بنی کہ کسی نتیجہ تک پہنچے بغیر ہی جنگ روک دی گئی پھر بھی یہ الہی لشکر تھا اور الہی لشکر ہمیشہ کامیاب اور کامران ہے۔ سید الشہداء (ع) قتل ہو گئے لیکن شکست نہیں کھائی جب کہ بنی امیہ ایسی شکست سے دوچار ہوئے کہ آخر تک کچھ کرنے کے قابل نہ رہے اس طرح سے اس مقدس اور محترم خون نے ان کی تلواروں کو کند کر دیا جیسا کہ آج تک آپ دیکھ رہے ہیں کامیابی امام حسین (ع) کے ساتھ ہے جب کہ شکست اور بے چارگی یزید اور اس کے حامیوں کا مقدر بن گئی۔


عمل کا معیار، شیطانی یا خدائی ہونا

یہ تحریک کہ جس کے لیے آپ ایرانی مرد و زن اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور قیام کیا ہے یہ تحریک خدا کے لیے ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ طاغوت کی جڑیں اکھاڑ کر پھینک دیں سرکشی اور طغیانگری کو صفحہ ہستی سے مٹادیں آپ کی آرزو یہ ہے کہ جن لوگوں نے آپ کی قوم کو کمزور بنایا ہے جنہوں نے اس قوم کو فقر اور بے چارگی کے تاریک کنویں میں دھکیل دیا ہے ان درندوں سے اس قوم کو نجات دلوائیں۔ آپ چاہتے ہیں کہ ایران کے اندر الہی حکومت ہو اس کے لیے چاہے شکست کھانی پڑے یا فاتح ہوں ہم اگر مار دئے جائیں انشاء اللہ جنت میں جائیں گے اور اگر جنگ کریں گے ظالموں کو قتل کریں گے تو بھی جنت میں جائیں گے۔ وہ اگر قتل ہوں گے تب بھی جہنم میں جائیں گے اور قتل کریں گے تب بھی جہنم میں جائیں گے۔ اس لیے کہ یہاں معیار عمل کا شیطانی یا خدائی ہونا ہے۔ شیطان اور اس کا لشکر ہمیشہ مغلوب اور شکست خوردہ ہیں۔ قرآن اور اللہ والے ہمیشہ کامیاب اور کامران ہیں۔

 

دنیا یعنی بہت ہی پست شیء، عالم ایک ایسا مرکب جو ماوراء طبیعت سے مل کر تشکیل پاتا ہے۔ اور یہ طبیعت اس عالم کے پست ترین درجہ پر فائز ہے۔ چنانچہ اگر انسان اس پست مقام یعنی دنیا سے  اس عالم بالا کی طرف چلا جائے تو گویا وہ پست مقام سے اس عالم کی طرف گیا ہے جو ان تمام عوالم  اور جہانوں سے بالاتر ہے۔ لیکن اگر یہی قیام شیطانی ہو تو وہ اسفل السافلین کی طرف تنزل کرے گا۔ یعنی اس پست دنیا سے بھی جہنم کے اندھیرے اور گہرے کنویں میں جاگرے گا۔ یہ جو شیطان کا لشکر ہے اور اس کے پیروکار ہیں آہستہ آہستہ پست ترین مقام کی طرف جا رہے ہیں اور وہ جو خدا کا لشکر ہے جو خدا کی خاطر عمل کر رہے ہیں ان کا ہر قدم انکو اعلی مقام سے نزدیک کر رہا ہے وہ جتنا عمل کرتے جائیں گے ان کا ہر عمل انہیں بلند ترین مقامات کی طرف لے جائے گا اور شیطانوں کو ان کا ہر عمل تنزل اور پستی کی طرف لے جائے گا۔


بچوں کی الہی اور دینی تربیت کریں

خیال رکھیں کہ آپ کے اعمال صالح اور نیک ہوں آپ کا قیام خدا کے لیے ہو آپ کے اعمال اللہ کی خاطر ہوں بچوں کی تربیت کر رہے ہوں تو ان کی ایسی تربیت کریں جو الہی تربیت ہو ان کی شیطانی تربیت نہ کریں جو اسکول اور مدارس میں جارہے ہیں وہ خدائی تربیت پائیں جو مدرسے کے اساتید ہوں وہ بچوں کی الہی تربیت کریں اور شیطانی تربیت سے کنارہ کشی اختیار کریں آپ لوگ جو یہاں حاضر ہوئے ہیں اور زحمت کے متحمل ہوئے ہیں اس کے لیے میں آپ کا شکر گزار بھی ہوں اور دعا گو بھی ہوں میں امید کرتا ہوں کہ یہ اجتماع جس میں آپ حاضر ہیں اور یہ کلمہ وحدت جس نے ہم سب کو ایک جگہ جمع کیا ہے اس میں ہم روحی اور عقیدتی وحدت کے بھی مصداق ہوں انشاء اللہ ہم سب ایک صف میں ایک عادلانہ اور الہی حکومت کی طرف قدم بڑھائیں خداوند آپ لوگوں کی حفاظت کرے انشاء اللہ ہمیشہ کامیاب اور کامران رہیں۔

والسلام علیکم و رحمۃ اللہ

ای میل کریں