۲۷ رجب کی رات رسول اللہ (ص) کی معراج یا بعثت کی رات تھی؟

یہاں شیعہ اور اہل سنت مسالک کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔

شیعہ علماء کے درمیان مشہور یہ ہےکہ اس دن، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کو رسالت کےلئے مبعوث کیا گیا، جبکہ سنّی برادران کے مطابق، مشہور ہےکہ اس دن، آپ (ص) کا سفر معراج ہوا۔

اس اختلاف سے قطع نظر سوال یہ اٹھتا ہےکہ شیعہ مسلک کے مطابق رسول پاک (ص) کی معراج کس دن ہوئی؟

علماء میں مشہور یہ ہےکہ 17 رمضان کو آپ کو معراج کی سعادت نصیب ہوئی۔ بعض اقوال اور روایات کے مطابق 21 رمضان بھی ملتا ہے۔ علاوہ ازیں، ہمیں ربیع الاول اور محرّم الحرام کے بھی اقوال ملتے ہیں۔

یہ بات زیادہ مناسب لگتی ہےکہ رسول اللہ (ص) کو ایک سے زائد دفعہ سفر معراج نصیب ہوا، ممکن ہےکہ یہ تاریخ میں اختلاف اسی وجہ سے ہو۔

علامہ طباطبائی (قدس سرّہ) نے قرآن مجید میں سورہ نجم کی آیت/13 سے استفادہ کرتے ہوئے فرمایا ہےکہ حضور صلی اللہ علیہ والہ، دو دفعہ سفر معراج پر گئے: وَلَقَدْ رَآهُ نَزْلَةً أُخْرَى " اور یقینا ً انہوں نے پھر ایک مرتبہ اسے دیکھ لیا"۔

یاد رہےکہ یہ سورہ نجم کی وہ آیات ہیں جو سفر معراج کے بارے میں ہی ہیں۔ البتہ علامہ طباطبائی نے دو دفعہ سے زیادہ سفر معراج کو بعید کہا ہے۔

ای میل کریں