تفتان، ایران سے واپس آنیوالے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ

پولیس ذرائع کے مطابق تفتان میں واقع ہاشمی ہوٹل میں پہلے دہشتگردوں نے زائرین پر شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا، بعدازاں دو خودکش بمباروں نے بهی اپنے آپ کو ہوٹل میں اُڑا دیا

ID: 35987 | Date: 2014/06/09

خواتین سمیت 23 زائرین شہید، 28 سے زائد زخمی


ذرائع ابلاغ کے مطابق زائرین گزشتہ بده کو بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی(رہ) کی برسی میں شریک تهیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاک ایران بارڈر پر صوبہ بلوچستان کے علاقے تفتان میں واقع ہاشمی ہوٹل میں ایران سے کوئٹہ کی جانب آنے والے زائرین کو ایک مرتبہ پهر دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام دہشتگردوں نے ایران سے واپس آنے والے زائرین کو اس وقت اپنی بربریت کا نشانہ بنایا، جب زائرین ایرانی بارڈر سے کلیئرنس ملنے کے بعد تفتان میں واقع ہاشمی ہوٹل میں قیام پذیر تهے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہاشمی ہوٹل میں زائرین کی کل تعداد 213 کے لگ بهگ بتائی جا رہی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تفتان میں‌ واقع ہاشمی ہوٹل میں پہلے دہشتگردوں نے زائرین پر شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا، بعدازاں دو خودکش بمباروں نے بهی اپنے آپ کو ہوٹل میں اُڑا دیا۔


 
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے ترجمان کربلائی خادم کے مطابق اب تک شُہداء کی تعداد 23 ہوچکی ہیں، جبکہ 20 سے زائد زائر زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ شہید ہونے والے زائرین میں 3 خواتین بهی شامل ہیں جبکہ شدید زخمیوں کے باعث شُہداء کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ تفتان کے علاقے میں ہسپتال اور دیگر طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں‌ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہیں۔