امریکی- صیہونی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف ملک گير ملین مارچ

ان ریلیوں میں وزیر خارجہ عراقچی سمیت ملک کے اعلی عہدے داروں نے بھی شرکت کی ہے

ID: 85097 | Date: 2026/01/12

 تہران/ ارنا- دسیوں لاکھ ایرانیوں نے گزشتہ دنوں کی ہنگامہ آرائیوں اور امریکی- صیہونی دہشت گردوں کے ہاتھوں مختلف شہروں میں بہیمانہ جرائم کے خلاف آج 12 جنوری 2026 پیر کے روز سڑکوں پر نکل کر تخریبی کارروائیوں میں ملوث امریکہ اور صیہونی حکومت کے آلہ کار عناصر کے خلاف نعرے لگائے اور اپنے اتحاد کا اعادہ کیا۔


 


ہمارے نمائندوں نے بتایا ہے کہ تہران شہر کے انقلاب اسکوائر پر جس عوامی اجتماع کا اعلان کیا گیا تھا وہ دسیوں لاکھ شہریوں پر مشتمل خیابان انقلاب، خیابان آزادی اور اطراف کی شاہراہوں پر عظیم الشان ریلی میں تبدیل ہوگیا جہاں دسیوں لاکھ پر مشتمل ایرانی عوام نے امریکہ، صیہونی حکومت اور ان کے آلہ کار دہشت گرد عناصر کے خلاف نعرے لگائے اور اعلان کیا کہ دشمنوں کی تمام سازشوں کے سامنے متحد رہیں گے۔


 


مظاہرین ایسے پلے کارڈ ہاتھ میں اٹھائے ہوئے تھے جس پر درج تھا کہ مسجدوں، امام بارگاہوں اور کلام اللہ قرآن مجید کو نذر آتش کرنے والے عناصر، صرف اور صرف امریکی اور صیہونی دہشت گرد ہو سکتے ہیں اور ان کا ایرانی عوام اور ان کے مطالبات سے کوئی سر و کار نہیں۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں بہیمانہ طریقے سے شہید ہونے والے ہموطنوں کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا اور ان دہشت گردوں کے مغربی آقاؤں کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جسے وہ کبھی بھول نہ پائيں۔


 


قابل ذکر ہے کہ تہران کے میدان انقلاب کے ساتھ ساتھ ایران کے ہر شہر و قصبے میں بھی ایران کے شجاع عوام نے مغرب بالخصوص امریکہ اور صیہونی حکومت کے سازش کے خلاف متحد رہنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اعلان کیا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی قیادت میں امریکہ اور سامراجی طاقتوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے۔


 


ان ریلیوں میں وزیر خارجہ عراقچی سمیت ملک کے اعلی عہدے داروں نے بھی شرکت کی ہے۔