بی بی زہرا سلام اللہ علیہا تمام انبیاء کی خصوصیتوں کی حامل ہیں:امام خمینی(رہ)

اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینی رہ حضرت فاطمہ س کی عظمت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ وہ تمام پہلو اور گوشے جو ایک عورت کے لئے تصور کئے جا سکتے ہیں ، وہ کمالات جو ایک انسان کے لئے متصور ہو سکتے ہیں سب کے سب جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے وجود میں جلوہ افروز ہیں

ID: 84734 | Date: 2025/11/24

بی بی زہرا سلام اللہ علیہا تمام انبیاء کی خصوصیتوں کی حامل ہیں:امام خمینی(رہ)


امام خمینی پورٹل کی رپورٹ کے مطابق اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینی رہ حضرت فاطمہ س کی عظمت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ وہ تمام پہلو اور گوشے جو ایک عورت کے لئے تصور کئے جا سکتے ہیں ، وہ کمالات جو ایک انسان کے لئے متصور ہو سکتے ہیں سب کے سب جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے وجود میں جلوہ افروز ہیں ، آپ ایک معمولی خاتون نہ تھیں بلکہ آپکا وجود ایک عورت کی مکمل حقیقت کا ترجمان تھا ،آپ کا وجود انسان کی مکمل حقیقت سے عبارت تھا آپ ایسے ملکوتی وجود کی حامل تھیں جو دنیا میں انسان کی صورت ڈھل کر سامنے آیا ، ایسا الہی و جبروتی موجود جو ایک عورت کی صورت میں ڈھلا ایک ایسی عورت جس کے اندر انبیاء کی تمام خصوصیتیں موجود تھیں وہ ذات جو مرد ہوتی تو نبی ہوتی اگر مرد ہوتی تو رسول اللہ کی جگہ ہوتی


رہبر کبیر انقلاب اسلامی ایران نے فرمایا میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے بارے میں لب کشائی کرنے سے قاصر ہوں کہ کچھ بولوں یا کہوں ، صرف کافی کی ایک حدیث پر اکتفا کرتا ہوں جو کہ معتبر سند سے نقل ہوئی ہے اور وہ یہ ہے کہ حضرت امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں : فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اپنے والد گرامی کی وفات کے بعد ۷۵ دن زندہ رہیں اور ان ایام میں حزن اندوہ کا آپ پر غلبہ رہتا تو جبرئیل آتے اور آپکی خدمت میں تعزیت پیش کرتے اور مستقبل کے مسائل و حالات کو بیان کرتے ظاہر روایت یہ ہے کہ ان ۷۵ دنوں میں جبرئیل کا آنا جانا بالکل عام و کثرت سے تھا یعنی جبرئیل کی آمدو رفت زیادہ تھی میں نہیں سمجھتا کہ انبیاء الہی کے پہلے طبقے کے علاوہ جبرئیل امین کسی ذات کے لئے اس طرح آئے ہوں جس طرح جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے لئے آتے تھے ، چنانچہ جبرئیل آکر آنے والے زمانیں کی خبریں دیتے آئندہ جو کچھ آپکی ذریت کے ساتھ ہوگا اسے بیان کرتے اور حضرت امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام اسے لکھتے ،جناب جبرئیل امین کا آنا کوئی معمولی مسئلہ نہیں ہے ، ہرگز کوئی نہ سوچے کہ جبرئیل کسی کے لئے بھی آ سکتے ہیں ، جبرئیل امین کے آنے کے لئے ایک تناسب و سنخیت ضروری ہے اگر یہ تناسب نہ ہو تو ممکن نہیں۔