مسلمان اپنی صلاحیتوں کو دیگر مسلمانوں کے اشتراک پر غور کریں: صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے دورہ لاہور کے موقع پر مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نواز شریف سے ملاقات اور گفتگو کی۔

ID: 83680 | Date: 2025/08/03

صدر پزشکیان نے اس موقع پر پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ایران کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا کے مسلمان متحد ہوجائیں تو صیہونی حکومت خودمختار قوموں کو نشانہ نہیں بنا پائے گی۔


انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سائنسی، علمی، صنعتی اور زرعی صلاحیتوں کا اشتراک کرنا چاہیے اور ایک متحدہ بلاک کے تحت امت اسلامیہ کی ضرورتوں کو پورا اور خودکفالت حاصل کرنا چاہیے۔


اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نواز شریف نے صیہونی حکومت کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور مستقبل میں پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم انداز میں اپنے اس موقف پر ڈٹا رہے گا۔


انہوں نے کہا کہ ملت ایران نے صیہونی حکومت سے جنگ میں صرف اپنے ملک کا دفاع نہیں کیا بلکہ ایران کی سربلندی اور نئے چہرے کا منظرنامہ پیش کردیا۔


میاں نواز شریف نے کہا کہ یہ استقامت، صرف صیہونی حکومت کے سامنے مزاحمت نہیں تھی بلکہ عالمی طاقتوں کا شجاعانہ مقابلہ تھا۔


انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے اپنی استقامت کے ذریعے ہزاروں سال پر مشتمل افتخار سے مالامال اپنی تاریخ کو دوہرا دیا۔


مسلم لیگ ن کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان، اس استقامت کو اپنے لیے بھی عزت و افتخار کا باعث سمجھتا ہے۔


نواز شریف نے کہا کہ اسی استقامت کی قدردانی کے لیے میں ذاتی طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پہنچا۔


انہوں نے زور دیکر کہا کہ پاکستان صرف اسلامی جمہوریہ ایران کا ہمسایہ ملک نہیں بلکہ ہمارا رشتہ برادرانہ ہے لہذا تہران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات میں فروغ کے خواہاں ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ صدر مسعود پزشکیان نے اپنے دورہ لاہور کے موقع پر شاعر و حکیم مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر بھی حاضری دی