امام خمینی (رح) کے نظریات؛ بارہ روزہ جنگ میں مزاحمت کی رہنمائی اور فلسطین کی حمایت

ادارہ تنظیم و نشر آثار امام خمینی (رحمت اللہ علیہ) کے بین الاقوامی شعبہ کی جانب سے ایک ویبینار منعقد کیا گیا جس کا موضوع " اسرائیلی و امریکی جارحیت (12 روزہ جنگ) کے تناظر میں امام خمینیؒ کے انقلابی افکار کا جائزہ" تھا

ID: 83546 | Date: 2025/07/18

ادارہ تنظیم و نشر آثار امام خمینی (رحمت اللہ علیہ) کے بین الاقوامی شعبہ کی جانب سے ایک ویبینار منعقد کیا گیا جس کا موضوع " اسرائیلی و امریکی جارحیت (12 روزہ جنگ) کے تناظر میں امام خمینیؒ کے انقلابی افکار کا جائزہ" تھا۔ ویبینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلامِ الہی سے ہوا اور اس میں امام خمینی کی شخصیت اور ان کے مقاومت اور فلسطین کے نظریات پر گفتگو ہوئی۔


سب سے پہلے، محترم رکن الدین ابن صلاح الدین، جو جامعہ عارفیہ سید سراوان، بھارت کے استاد ہیں، نے امام خمینی کی عالمی شخصیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی نہ صرف مسلم دنیا بلکہ پوری دنیا میں بیداری اور مزاحمت کی علامت ہیں۔ امام کے افکار اور آثار مختلف زبانوں میں ترجمہ ہو کر پوری دنیا میں پھیلائے گئے تاکہ مظلوم قوموں کی رہنمائی کریں۔


اس کے بعد، محترم ڈاکٹر جواد ہاشمی، اسسٹنٹ پروفیسر کراچی یونیورسٹی، نے امام خمینی کے محورِ مقاومت میں کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ 12 روزہ جنگ امام کے تصورات کی عملی تعبیر ہے، جہاں مزاحمت صرف ایک عسکری ردعمل نہیں بلکہ ایک سیاسی، ثقافتی اور روحانی عقیدہ ہے جس کی بنیاد امام خمینی نے رکھی۔


تیسرے مہمان، محترم سجاد شاکری، مذہبی سکالر اور تاریخ اہل بیت (علیہم السلام) میں پی ایچ ڈی کر رہے ہیں، نے فلسطین کی حمایت کو امام خمینی کے نظریات کا بنیادی جزو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امام نے مزاحمت کو ظلم و زیادتی کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار سمجھا اور یہی حکمت عملی 12 روزہ جنگ میں بھی واضح طور پر نظر آئی۔


تمام مہمانان کا اتفاق تھا کہ امام خمینی کا نظریہ، خاص طور پر فلسطین کی حمایت اور محورِ مقاومت، دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے اور آج بھی یہ نظریات جدید ظالم حملوں، خصوصاً 12 روزہ جنگ میں، اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔


یہ ویبینار ادارہ تنظیم و نشر آثار امام خمینی کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر افکار امام کی ترویج اور خطے و عالم کے اہم موضوعات پر روشنی ڈالنے کی پہلی کاوش ہے اور آئندہ بھی اسی طرح کے سلسلے جاری رہیں گے۔