شیعہ علماء کونسل کا ایران کے جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

امریکہ کا ایران کے جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی دہشتگردی، بزدلانہ اقدام اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے

ID: 83310 | Date: 2025/06/23

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام ایران پر امریکہ اسرائیلی حملوں کے خلاف پُرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی، علامہ فیاض حسین مطہری، صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب علامہ اشتیاق حسین کاظمی، ڈویژنل صدر شیعہ علماء کونسل راولپنڈی علامہ عابد شجاعی، ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل ضلع راولپنڈی علامہ عمران علی حیدی، ضلعی جنرل سیکرٹری سید جابر حسین کاظمی نے کی، احتجاجی ریلی میں تمام تحصیلوں کے صدور،عہدیداران و کارکنان کے علاوہ جماعت اسلامی کے رضا احمد شاہ، عبدالرحیم بابر، بختیار الحق کیانی نائب امیر راولپنڈی، مولانا عثمان عثمانی صدر جمعیت اتحاد العلماء، قاری شبیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے پنجاب کے صدر ملک خالد نواز بوبی، سیاسی و مذہبی رہنما سردار محمد تاج، مولانا کوثر عباس قمی ممبر امن کمیٹی ضلع راولپنڈی، عزادارکونسل کے سید نجم نقوی المعروف نومی شاہ، انجمن تاجران ڈبل روڈ کے صدر سید علمدار حسین کاظمی، امام بارگاہ یاد گار حسین کے متولی نجم جعفری، ماتمی دستوں کے سالار و دیگر شخصیات سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔


 


اس موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے امریکہ کے ایران کے فردو، نطنز اور اصفہان کے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: امریکہ کا ایران کے جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی دہشتگردی، بزدلانہ اقدام اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، ہم مشکل کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ ہیں، امریکی حملہ ایرانی خودمختاری پر حملہ ہے جس پر تمام آزادی پسندوں کواس سامراجی حملے کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے۔امریکہ کے حملے سے پتہ چل گیا کہ اسرائیل ایران کے ہاتھوں شکست کھا چکاہے اب وہ دن دور نہیں جب امریکہ بھی ایران کے ہاتھوں شکست سے درچار ہو گا۔


 


صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب علامہ اشتیاق حسین کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا: ریلی میں تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کرکے یہ ثابت کر دیا کہ اس ملک میں شیعہ و سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ ظالم سے نفرت کیلئے ہر جماعت ہمہ وقت آمادہ ہے۔


 


انہوں نے کہا: پہلے یہ بحث تھی کہ اسرائیل جنگ جیتا یا ہارالیکن امریکہ کا جنگ میں کود جانااس بات کی دلیل ہے کہ اسرائیل ایران کے ہاتھوں یہ جنگ ہار چکا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہم قائد ملت جعفریہ کے حکم پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔


 


ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل ضلع راولپنڈی علامہ عمران علی حیدی نے کہا: اسرائیل کے ایران پر حملے کھلی جارحیت ہیں جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا، آج ہم نے اسرائیل کے خلاف اور ایران کے حق میں آواز بلند نہ کی او راس ظلم کو نہ روکا تو یہ سلسلہ دوسرے اسلامی ممالک تک بھی پہنچ سکتا ہے۔


 


دیگر مقریرین نے امریکہ کی جانب سے ایران کے جوہری تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: ایران کے جوہری تنصیبات پر امن مقاصد کیلئے ہیں اور امریکی حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے، ایران پر امریکی حملہ دنیا کے امن و سلامتی کیلئے براہ راست خطرہ ہے ۔


 


آخر میں علامہ فیاض حسین مطہری نے آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی طول عمرکی دعا کے ساتھ ملک و سلامتی کیلئے دعا کی۔