محرم ہر دور کے یزید کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا پیغام دیتا ہے، علامہ باقر زیدی

جناب علی اصغر کی قربانی امام حسین کی مظلومی کی سب سے بڑی دلیل ہے، مولانا سید محمد سعید نقوی

ID: 70946 | Date: 2021/08/13

محرم ہردورکے یزید کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا پیغام دیتا ہے، علامہ باقر زیدی


 


کراچی/مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے محرم الحرام ظالم کے مقابلے میں مظلوم کی فتح کے اظہار کا مہینہ ہے، آج پوری دنیا میں دو گروہ برسرپیکار ہیں، ایک طرف مظلومین جہاں ہیں اور دوسری طرف ظالم استکباری قوتوں نے پوری دنیا کے امن کو داؤ پر لگا رکھا ہے، محرم میں اس پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے کہ جس طرح امام عالی مقام علیہ السلام عددی برتری کی پرواہ کئے بغیر باطل کے مقابلے میں ڈٹے رہے، آج ان کے چاہنے والوں کو اسی عزم و حوصلے کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے، امام حسین علیہ السلام کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے ظالموں کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔


علامہ باقر زیدی نے کہا کہ شام، یمن سمیت خطے کے مختلف حصوں میں ظالموں کو بدترین ہزیمت کا سامنا ہے جس کی بنیادی وجہ ان مومنین کی استقامت ہے جو حسینی فکر کے پیروکار ہیں اور مدمقابل قوتیں یزیدی گروہ سے ہیں، محرم دور حاضر کے یزید کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا پیغام دیتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ محرم کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے امت مسلمہ کے درمیان بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا جائے اور ان قوتوں کو بے نقاب کیا جائے جو مذہب کا لبادہ اوڑھ کر اسلام دشمنوں کے ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔


 


جناب علی اصغر کی قربانی امام حسین کی مظلومی کی سب سے بڑی دلیل ہے، مولانا سید محمد سعید نقوی


 


حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،دیوبند کے نزدیکی گاوں تھیتکی میں کل کووڈ پروٹوکول کی رعایت کے ساتھ یوم علی اصغر منایا گیا۔ یوم علی اصغر عالمی سطح پر محرم کے پہلے جمعہ کو منایا جاتا ہے۔ انجمن سعیدیہ کی اپیل پر کل خصوصیت کے ساتھ پہلی بار یوم اصغر منایا گیا۔ مولانا سید محمد سعید نقوی نے اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن امام حسین کے ششماہے جناب علی اصغر سے منسوب کیا گیا ہے۔ جناب علی اصغر کی قربانی امام حسین کی مظلومی کی سب سے بڑی دلیل ہے جو عالمی سطح پر ہر مسلک کے لوگوں کو پہلے زیادہ متاثر اور کربلا سے مانوس کیے ہوئے ہے۔ جب بھی کوئی انصاف پسند بےشیر کی قربانی کا بیان سنتا ہے تو وہ کربلا والون کی بےگناہی کا قائل ہوئے بغیر نہیں رہ پاتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ اسی لیے اسلام دشمن اور کربلا مخالف عناصر مل کر اس مہم (یوم اصغر) کے خلاف بڑی بڑی کانفرنسیں کررہے ہیں ریزولیشن پاس کررہے ہیں عدالتوں میں عرضیاں داخل کررہے ہیں تاکہ یوم علی اصغر کو عام ہونے سے روکا جاسکے۔ دشمن امام خمینیؒ کی اس باطل شکن اپیل کے نتائج ذلت ورسوائی کے ساتھ اپنی آنکھوں سے دیکھ چکا ہے اور دیکھ رہا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو یوم قدس کے طور پر منایا جائے تاکہ اسرائیل کی غاصبانہ حیثیت دنیا کے سامنے اجاگر ہوسکے لہذا وہ اپنے طور پر ہر ممکن کوشش کررہا ہے تاکہ یوم علی اصغر کو عام ہونے سے روکا جاسکے۔ دشمن اس پر کافی وقت اور بڑا بجٹ خرچ کررہا ہے ۔


آخر میں زور دیتے ہوئے کہا کہ عزاداروں مسلمانوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہیں چاہیے کہ وہ جناب علی اصغر کی قربانی کا زیادہ سے زیادہ تذکرہ کریں۔ ان کی شہادت کے بیان پر توجہ مرکوز کریں تاکہ دشمن عزا رسوائی کے ساتھ اپنی سازشوں میں ناکام ہوسکے۔