شب قدر

شب قدر ماہ رمضان المبارک میں معنویت، روحانیت اور عبادت کی بلندی اور اوج کی شب ہے

ID: 64413 | Date: 2020/05/21

شب قدر


 


خداوند سبحان کے لطف و احسان اور خاص عطا میں سے ایک ماہ مبارک رمضان میں شب قدر جیسی عظیم رات ہے۔ چنانچہ رسولخدا (ص) نے فرمایا ہے: خداوند عالم نے اپنے لئے دنوں میں جمعہ، مہینوں میں رمضان اور شبوں میں شب قدر کو اختیار کیا ہے۔


شب قدر ماہ رمضان المبارک میں معنویت، روحانیت اور عبادت کی بلندی اور اوج کی شب ہے۔ ایسی رات جس میں کلام الہی، قرآن نازل ہوا ہےاور انسان کی زندگی کے تمام مقدرات آئندہ اسی شب تک کے معین کئے جاتے ہیں۔ اس سلسلہ میں امام صادق (ع) فرماتے ہیں: سال کی ابتدا شب قدر ہے اور اس شب میں جو کچھ آئندہ سال تک ہونے والا ہے سب لکھا جاتا ہے۔


شب قدر انسان کے خداوند عالم سے کئے وعدہ کی تجلی، خود سے جدا ہونے اور خداوند عالم کی درہائے رحمت، محبت اور مہربانی کے دریا میں فرق ہونے کی رات ہے۔ یہ ایسی عظیم اور بابرکت رات ہے کہ انسان کے تمام لگاؤ کو ختم کرکے خدا سے رشتہ جوڑ لے تو جو چاہے گا وہ اس رات عطا ہوگا۔ اہلبیت (ع) کی روایات میں ذکر ہوا ہے: فرشتے شب قدر میں نازل ہوتے ہیں اور زمین پر پھیل جاتے ہیں اور مومنین کی بزموں سے گذرتے وقت ان پر سلام کرتے ہیں اور ان کی دعا پر آمین کہتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ طلوع فجر تک کسی کی دعا رد نہیں ہوتی۔


ہاں کچھ لوگوں کی دعائیں رد ہوجاتی ہیں اور بارگاہ احدیت میں قبول نہیں ہوتیں اور یہ لوگ ہیں جن کو ان کے والدین نے عاق کردیا ہے (یا وہ خود اپنے کردار و عمل سے عاق ہوگئے ہیں) جس نے اپنے خونی رشتہداروں سے رشتہ توڑ لیا ہے (یا قطع رحم کا سبب بنا ہے)، شرابی کی اور جو کسی مومن سے دشمنی کرتا ہے۔


اس شب کی منجملہ خصوصیات میں سے ایک خصوصیت امام زمانہ (عج) سے اس شب کا مخصوص ہونا ہے۔ آیہ کریمہ "تنزل الملائکة و الروح فیھا" کے ذیل میں اس طرح ذکر ہوا ہے کہ ملائکہ اور روح القدس اس رات امام زمانہ (عج) کی خدمت میں حاضر ہوتے ہیں اور جو کچھ واقعات اور حوادث انہوں نے لکھ رکھا ہے انہیں امام زمانہ (عج) کے سامنے پیش کرتے ہیں۔


اس شب کی اہمیت اور قدر و منزلت کے لئے اتنا کافی ہے کہ خداوند سبحان نے اس شب سے مخصوص سورہ نازل کیا ہے۔ اور اس سورہ میں رسولخدا (ص) کو خطاب کرکے فرماتے ہیں: "و ما ادراک ما لیلة القدر" تم کیا جانتے ہو کہ شب قدر کیا ہے۔ اس کے بعد خداوند سبحان بلافاصلہ اس شب کی عظمت و بزرگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتا ہے: "لیلة القدر خیر من الف شھر" شب قدر ہزاروں مہینوں سے بہتر ہے۔ اس قسم کی تعبیر اس شب کی اہمیت، عظمت اور قدر و منزلت کو بتارہی ہے۔ اس شب کے اعمال اور دعاؤں کی کتابوں میں مخصوص اعمال ذکر کئے گئے ہیں۔


خداوند کریم سے دعا ہے کہ اس شب کی عظمت کے تصدق تمام مومنین و مومنات کو ہر بلا اور مصیبت سے محفوظ رکھے۔ آمین۔