رہبر انقلاب اسلامی کا آیت اللہ شاہرودی کے انتقال پرملال پر تعزیتی پیغام

مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے بھی نہایت غم و اندوہ اور افسوس کا اظہار کیا اور اپنے اپنے تعزیتی پیغامات پیش کئے

ID: 56972 | Date: 2018/12/26

ابنا۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منگل کے روز اپنے تعزیتی پیغام میں  فقیہ عالیقدر اور تشخیص مصلحت نظام کونسل کے چیئرمین آیت اللہ سید محمود ہاشمی شاہرودی کے انتقال پر غم و اندوہ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ فرمایا کہ یہ افسوسناک خسارہ، جو تقریبا ایک سال تک شدید اور دردناک بیماری میں مبتلا رہنے کے بعد واقع ہوا، ان تمام لوگوں کے لئے باعث رنچ و الم ہے جو ان کے علمی مقام اور نظام اسلامی اور حوزہ علمیہ کے مجموعی فقہی، اصولی قانونی شعبوں میں ان کی گرانقدر خدمات سے آشنا و واقف ہیں۔


رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آیت اللہ شاہرودی کو حوزہ علمیہ قم کے ایک بڑے معلم، اسلامی جمہوری نظام کی اہم تشکیلات میں ایک باوفا کارگزار شخصیت، آئین کی نگران کونسل کے بااثر رکن اور تشخیص مصلحت نظام کونسل کے کامیاب سربراہ سے تعبیر کیا۔


اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی فقیہ عالیقدر اور تشخیص مصلحت نظام کونسل کے چیئرمین آیت اللہ سید محمود ہاشمی شاہرودی کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔


صدر مملکت نے اپنے تعزیتی پیغام میں غم و اندوہ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ عالیقدر آیت اللہ سید محمود ہاشمی شاہرودی نے اسلامی و ایرانی تہذیب و تمدن کے ارتقا کے لئے متعدد قابل قدر علمی و فقہی کتابیں تصنیف و تالیف کیں اور دینی تعلیم کے مرکز اور یونیورسٹی کے درمیان رابطے کی تقویت نیز مختلف علوم کے فروغ کے لئے عدالت یونیورسٹی قائم کی تاکہ اسلامی ثقافت اور عدلیہ کے علوم کی نشر و اشاعت میں یادگار اقدام انجام پا سکے۔


فقیہ عالیقدر اور تشخیص مصلحت نظام کونسل کے چیئرمین آیت اللہ سید محمود ہاشمی شاہرودی کے انتقال پر ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے بھی نہایت غم و اندوہ اور افسوس کا اظہار کیا اور اپنے اپنے تعزیتی پیغامات پیش کئے۔


فقیہ عالیقدر اور تشخیص مصلحت نظام کونسل کے چیئرمین اور اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سابق سربراہ آیت اللہ سید محمود ہاشمی شاہرودی طویل عرصے تک بیماری کی تکلیف برداشت کرنے کے بعد تہران کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔