حضرت آیت اللہ العظمی صافی گلپایگانی، سید حسن خمینی کے گھر پر حاضر ہوئے:

امام اور آپ کے گھرانے کا احترام، عوام کے دلوں میں باقی ہے

« َعَسَى أَن تَکْرَهُواْ شَیْئًا وَهُوَ خَیْرٌ لَّکُمْ وَعَسَى أَن تُحِبُّواْ شَیْئًا وَهُوَ شَرٌّ لَّکُمْ وَاللّهُ یَعْلَمُ وَأَنتُمْ لاَ تَعْلَمُونَ» [ممکن ہے تم کسی چیز کو ناپسند کرو اور وہ تمہارے لئے بہتر ہو اور ممکن ہے تم کسی چیز کو پسند کرو حالانکہ وہ تمھارے لیے بری ہو اور خدا بہتر جانتا ہے اور تم نہیں جانتے]

ID: 43383 | Date: 2016/03/02

جماران کی رپورٹ کے مطابق آیت الله العظمی صافی گلپایگانی نے یادگار امام سے ملاقات کے دوران حضرت امام خمینی کے گھرانے کےلئے کامیابی کی آرزو کرتے ہوئے کہا: امام خمینی[رح] کا گھرانہ آباد اورخوشحال گھرانہ ہے اور مستقبل میں بھی خوشحال اور آباد رہےگا۔


آیت الله صافی نے حالیہ انتخابات کے ابتدائی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے قرآن کریم کی آیت « َعَسَى أَن تَکْرَهُواْ شَیْئًا وَهُوَ خَیْرٌ لَّکُمْ وَعَسَى أَن تُحِبُّواْ شَیْئًا وَهُوَ شَرٌّ لَّکُمْ وَاللّهُ یَعْلَمُ وَأَنتُمْ لاَ تَعْلَمُونَ» [ممکن ہے تم کسی چیز کو ناپسند کرو اور وہ تمہارے لئے بہتر ہو اور ممکن ہے تم کسی چیز کو پسند کرو حالانکہ وہ تمھارے لیے بری ہو اور خدا بہتر جانتا ہے اور تم نہیں جانتے] کی جانب اشارہ کیا اور کہا: لوگ آپ کی شخصیت سے صحیح طرح واقف ہیں اور لوگوں کو مسائل کی نزاکت کے ساتھ  تمام جہات کے حوالے سے علم اور آگاہی ہے اور کوئی چیز ان جہات میں کسی بھی طرح کمی کا باعث نہیں ہوسکتی، لوگوں کی نظر میں امام اور امام کے گھرانے کا احترام ماضی کی طرح اب بھی باقی ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی باقی رہےگا۔


مرجع عالیقدر آیت الله العظمی صافی نے اپنی گفتگو میں حضرت امام خمینی سے متعلق ایک حکایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امام خمینی کے فقدان کو امت مسلمہ کےلئے ایک بڑا صدمہ قرار دیا اور کہا: امام کی جگہ، اب بھی خالی ہے اور کوئی چیز اسے پر نہیں کر سکی۔


انہوں نے اپنی گفتگو کے اختتام پر یادگار امام کے حق میں دعا کرتے ہوئے انہیں  حضرت بقیه الله(عج) کے نقش قدم پر چلنے کی نیک تمنا کی۔


سید حسن خمینى نے بھی حضرت آیت الله العظمى صافى گلپایگانى سے ملاقات کے دوران ان کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: اس میں شک نہیں کہ آپ کی جانب سے ہمیشہ بیت امام کی حمایت، جہاں امام خمینی کے جیالوں کےلئے دلگرمی کا باعث بنی ہے وہی مخالفین کےلئے ناامیدی کا سبب قرار پائی ہے۔


انہوں نے مزید کہا: آپ اور آپ کی طرح حوزہ علمیہ کی نامور اور عظیم شخصیتوں پر اعتماد سے جہاں ہماری حوصلہ افزائی ہوتی ہے وہی مذہبی اقدار کے تحفظ کے حوالے سے ہمیں اپنے کندھوں پر سنگین وظیفے کا احساس بھی ہوتا ہے۔ ہم سب آپ کے دعاوں کے محتاج ہیں اور جیسا کہ آپ نے فرمایا ہے خدا پر توکل کرنے کی توفیق کے ساتھ، اللہ ہمیں برائیوں سے رنجیدہ خاطر ہونے اور اچھائیوں سے مغرور ہونے سے بچائے رکھے۔


 


حوالہ: جماران خبررساں ویب سائٹ