14 اگست یوم آزادی کی مناسبت سے، علامہ جعفری:

وطن عزیز کو بانی پاکستان کی خواہشات کے مطابق تکفیری نہیں، اسلامی مملکت کے طورپر دنیا کے سامنے پیش کرنا ہوگا

وطن عزیز کو بانی پاکستان کی خواہشات کے مطابق تکفیری نہیں، اسلامی مملکت کے طورپر دنیا کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔ یہ ہمارے خائن اور مفاد پرست سیاستدانوں کی ناقص داخلہ اور خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے، جس کا خمیازہ آج پاکستان کے 18کڑوڑ محب وطن عوام بھگت رہے ہیں۔

ID: 40691 | Date: 2015/08/13

مملکت خداداد پاکستان کے 68ویں جشن آزادی کے پر مسرت موقع پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری پاکستانی قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا: تمام ملت پاکستان کو وطن عزیز کے 68ویں یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔


تمام محب وطن پاکستانیوں کو اس یوم آزادی پر پاکستان کی بقاء، سلامتی اور خوشحالی کےلئے تجدید عہد اور اس کے دشمنوں سے جنگ کا عزم کرنا ہوگا۔


وطن عزیز کو بانی پاکستان کی خواہشات کے مطابق تکفیری نہیں، اسلامی مملکت کے طورپر دنیا کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔


مفکر پاکستان علامہ اقبال(رح) نے جس آزاد وطن کا خواب دیکھا تھا اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح(رح) نے جو آزاد وطن ہمارے پاس امانت کے طورپر چھوڑا تھا، آج وہ آزاد وطن دہشت گردی، لا قانونیت، کرپشن اور طرح طرح کی بیماریوں کاشکار ہوچکا ہے۔ افسوس کے اس وطن کے با اختیار ادارے بھی اب اس کے ساتھ با وفائی نہیں کر رہے! مفکر پاکستان اور بانی پاکستان کی ارواح اس وطن کی حالت زار پر نوحہ کناں ہوں گئی۔


ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پاکستان ایک مرتبہ پھر اہل وطن سے اس عزم کا اعادہ چاہتا ہے جو اس نے 67برس قبل تحریک آزادی کے دوران کیا تھا، اس وطن کے باسی برطانیہ سامراج کی غلامی سے آزادی پا کر امریکہ سامراج کی غلامی میں چلے گئے ہیں!! کیا بانیان پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیوں کے بعد یہ آزاد وطن امریکہ کی غلامی میں دینے کے لئے حاصل کیا تھا؟! ہرگز نہیں!


یہ ہمارے خائن اور مفاد پرست سیاستدانوں کی ناقص داخلہ اور خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے، جس کا خمیازہ آج پاکستان کے 18کڑوڑ محب وطن عوام بھگت رہے ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور قتل وغارت گری اس ملک کا مقدر بنادی گئی! کرپشن اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے! انصاف اس ملک میں چراغ لے کر ڈھونڈنے سے نہیں ملتا! روزانہ مساجد، امام بارگاہوں، درباروں، بازاروں اور چوراہوں پر بےگناہوں کے خون سے ہولی کھیلی جاتی ہے!


پاکستان کو دہشت گردوں کی چنگل سے آزاد کروانے کے لئے اس یوم آزادی پر تمام محب وطن شیعہ، سنی، ہندو، سکھ اور عیسائیوں کو یہ شہدائے تحریک پاکستان اور بانیان پاکستان کی ارواح سے عہد کرنا ہوگا کہ دہشت گردی کے خلاف عملی اور اجتماعی جدوجہد کا آغاز کرنا ہے۔


یہ وطن خداوند متعال کی ایک نعمت بر صغیر کے مسلمانوں کے لئے تھا اور رہے گا۔ مایوسی اور ناکامی انشاء اللہ اس وطن کے دشمنوں کا مقدر بنے گی۔


لائن آف کنٹرول کے پاکستانی علاقوں پر جاری بھارتی فوجی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اپنی آنکھوں کا میل صاف کر لے، اس پاک وطن کی مٹی سے عہد وفا نبھانے والے ابھی زندہ ہیں، وہ چند ہیں جو اس کی عصمت کے درپے ہیں اور وہ بھی تم میں سے ہی ہیں، ہمارے وطن کی مٹی گواہ ہے کہ اس مادر وطن کے باوفا بیٹوں نے کبھی اس ملک کے دشمنوں کے ساتھ ساز باز نہیں کی اور ہمیشہ اس کے دفاع کی فرنٹ لائن پر موجود رہے ہیں۔ اگر بھارتی جارحیت حد سے بڑھی تو اس وطن کا بچہ بچہ اس کے ذرے ذرے پر قربان ہونے کے لئے آمادہ وتیار ہوگا۔