بسیج، مدرسہ عشق، بسیجی اسکے بلند وبالا گلدستوں پر، اذان شہادت دیتے ہیں

میں ہمیشہ بسیجیوں کے خلوص اور پاک نیت پر غبطہ کرتا ہوں اور میری خدا سے یہی دعا ہے کہ مجهے ان کے ساته محشور فرمائے۔ اس لئے کہ مجهے افتخار ہے کہ میں خود بهی اس دنیا میں ایک بسیجی ہوں۔

ID: 37984 | Date: 2014/11/26

بسم الله الرحمن الرحیم


اسلامی جمہوری ایران کے نظام میں، بسیج (رضاکار فورس) کی تشکیل یقیناً خداوند عالم کے الطاف وبرکات میں سے ہے جو رب کریم کی جانب سے ایران اسلامی اور اسکی عوام کو نصیب ہوئی۔


اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد بالخصوص جنگ کے موقع پر مختلف حادثات میں متعدد گروہوں اور اداروں نے ایثار و فداکاری اور خلوص و شہادت طلبی کے ذریعہ ملک اور اسلامی انقلاب کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔ لیکن اگر ہم حقیقی معنی میں ایثار، خلوص، فداکاری اور ذات پروردگار نیز اسلام سے عشق کرنے کا کامل ترین مصداق پیش کرنا چاہیں تو ہمیں بسیجی اور بسیجیوں سے بہتر بهلا کون مل سکتا ہے۔ جنہوں نے رضاکارانہ طور پر عظیم خدمات انجام دیئے۔ بسیج ایک شجرہ طیبہ، تناور اور پُر بار و پُر ثمر درخت ہے جس کے شکوفے وصال یار کی بو، یقین کی طراوت اور حدیث عشق کے نغمے سناتے ہیں۔ بسیج مدرسہ عشق کا نام ہے، جو ایسے گمنام شہداء و شاہدین کا مکتب فکر ہے کہ اس کے پیروکاروں نے، بلند وبالا میناروں پر پہنچ کر شہادت و رشادت کی اذان کہی ہے۔ بسیج پا برہنہ افراد کی میقات اور پاک اسلامی افکار کی معراج کا نام ہے کہ جس کے تربیت شدہ افراد نے اپنے نام ونمود کو گمنامی و بے نامی میں پنہاں پایا ہے۔ بسیج، خداوند عالم کا مخلص لشکر ہے کہ جس کے آئین نامہ پر تمام مجاہدین نے از اول تا آخر دستخط کئے ہیں۔


میں ہمیشہ بسیجیوں کے خلوص اور پاک نیت پر غبطہ کرتا ہوں اور میری خدا سے یہی دعا ہے کہ مجهے ان کے ساته محشور فرمائے۔ اس لئے کہ مجهے افتخار ہے کہ میں خود بهی اس دنیا میں ایک بسیجی ہوں۔۔۔


بطور خلاصہ عرض کروں؛ اگر کسی ملک میں بسیج جیسے افکار کی گونج سنائی دی جائے، دشمنوں اور استکباری و استعماری طاقتوں کی لالچی آنکهیں اس ملک سے دور ہی رہیں گی۔ وگرنہ ہر لحظہ کسی بڑے حادثہ کے انتظار میں گهڑیاں گزارنی پڑیں گی۔۔۔


حوزہ علمیہ اور یونیورسٹی کی ڈیوٹی ہے کہ وہ اسلام ناب کے قوانین ان تمام بسیجیوں کے سپرد کریں۔ عالم اسلام کے تمام بسیجی ایک عظیم اسلامی مملکت کی تشکیل کی چارہ جوئی کریں اور یہ کام ممکن ہے۔ کیونکہ بسیج صرف ایران سے ہی مخصوص و محدود نہیں ہے۔ استقامت و پائیداری والی کمیٹیاں تمام ملکوں میں بنائی جائیں جو مشرق ومغرب کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں۔۔۔


میں آپ جیسے پیش قدموں کے ہاته کا بوسہ لیتا ہوں اور مجهے معلوم ہے کہ اگر اس اسلامی مملکت کے مسئولین و ذمہ دار افراد نے آپ سے غفلت برتی تو وہ جہنم کا ایندهن قرار پائیں گے۔۔۔


خداوند کریم کی بارگاہ میں دست بدعا ہوں کہ ہمارے عزیز و گمنام شہدائے بسیج کو اہلبیت اطہار علیہم السلام کے جوار میں جگہ سے سرفراز فرمائے، ہمارے عزیز جانبازوں اور زخمیوں کو شفا مرحمت فرمائے، عزیز گم شدگان کو صحیح وسالم ان کے وطن واپس لوٹا دے اور روز بروز اس مقدس ادارے کی عزت و شوکت میں اضافہ فرمائے کہ جس میں اسلام محمدی(ص) اور حضرت بقیۃ اللہ الاعظم ارواحنا لہ الفدا کے پیروکار ہیں۔


والسلام علیکم ورحمۃ اللہ


روح الله الموسوی الخمینی


صحیفه امام،ج21،ص194



ماخذ: امام خمینی(رح) اردو پورٹل